ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو: قصائی خانے کی تعمیر کی مذمت میں یوٹی قادر کے خلاف ہندو تنظیموں کا احتجاج

منگلورو: قصائی خانے کی تعمیر کی مذمت میں یوٹی قادر کے خلاف ہندو تنظیموں کا احتجاج

Fri, 12 Oct 2018 21:30:16    S.O. News Service

منگلورو12؍اکتوبر( ایس او نیوز) بجرنگ دل اور وشوا ہندو پریشد کے اراکین نے کدرولی میں ہائی ٹیک قصائی خانے کی تعمیر کے مجوزہ منصوبے کی مذمت کرتے ہوئے منگلورو سٹی کارپوریشن کے سامنے ضلع انچارج وزیر یو ٹی قادر کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے بجرنگ دل لیڈر شرن پمپ ویل نے کہا کہ :’’الال غیرقانونی طور پر گؤ کشی کا مرکز بن گیا ہے۔یوٹی قادر صرف ایک طبقے کی ضروریات کو ترجیح دے رہے ہیں۔ انہیں اپنے حلقے کی ہمہ جہتی ترقی میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔با ر بار وہ ہندو طبقے کے خلاف بیانات دے رہے ہیں۔ اورہمارے جذبات مجروح کررہے ہیں۔ ‘‘

شرن پمپ ویل نے بیان جاری رکھتے ہوئے کہا کہ:’’ اب وہ ہائیجینک گائے ذبح کرنے کے مراکز تعمیر کرنے کے لئے سمارٹ سٹی منصوبے سے 15 کروڑ روپے جاری کرنے جارہے ہیں۔ہمارے لئے گائے مقدس ہے۔ لیکن اب قادر کے بیان کے مطابق ہمارے ہی ٹیکس کے پیسے بالواسطہ طور پر گؤ ذبیحہ مراکز کے لئے خرچ ہونگے۔ہم کسی قیمت پر ایسا ہونے نہیں دیں گے۔ ہمیں سمارٹ سٹی چاہیے ، لیکن سمارٹ سٹی کے نام پر گائے کے ذبیحہ خانے نہیں چاہیے۔‘‘

شرن نے کہا کہ:’’ شہریوں کو مختلف شعبہ جات میں ترقی چاہیے۔ ہمیں سڑکیں، پانی اور بہتر انفرااسٹرکچر چاہیے۔ گؤ ذبیحہ مراکز نہیں چاہیے۔ کدرولی ذبیحہ خانے کو کروڑوں روپے جاری کرنے کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ اس سے صاف ہوجاتا ہے کہ ضلع میں ہونے والی غیر قانونی سرگرمیوں کے پیچھے یوٹی قادر کا ہاتھ ہے۔ہم انہیں تنبیہ کرتے ہیں کہ اگر وہ سیاست کے نام پر اپنا خفیہ ایجنڈا جاری رکھیں گے توپھر انہیں زبردست احتجاج کا سامنا کرنے کے لئے تیار رہنا ہوگا۔‘‘

بجرنگ دل لیڈر نے ہندو مندروں کی انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ: ’’ ہندو مندروں کے منتظمین یوٹی قادر کو مندروں کے اندر داخل ہونے نہ دیں اور انہیں ’پرساد‘(تبرک) بھی نہ دیں۔وہ ایک نقلی سیکیولرسٹ ہیں۔ وہ ہندوؤں کے ساتھ اچھے تعلقات بنائے رکھنا نہیں چاہتے۔‘‘

اس موقع پر وی ایچ پی لیڈر جگدیش شینوا نے کہا کہ :’’ یو ٹی قادر اس وقت اسپتال میں داخل ہیں۔ یہ ہماری گؤ ماتا کی بددعا اور طاقت کا اثر ہے۔ہم قادر کو چیلنج کرتے ہیں کہ اگران کے اندر ہمت ہے تو وہ کدرولی قصائی خانے کے لئے 15کروڑ روپے جاری کرکے دکھائیں۔ہم اسے بعد میں دیکھ لیں گے۔ہم قصائی خانے کے خلاف کسی بھی حد تک احتجاج اور اقدامات کرنے کے لئے تیار ہیں۔‘‘

شینوا نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہاکہ:’’قادر اپنے گھر سے 15کروڑ روپے خرچ نہیں کررہے ہیں۔ یہ ہمارے ٹیکس کی رقم ہے۔ اور اسے کیسے خرچ کرنا ہے اس کا فیصلہ ہم کریں گے۔ اس وقت ہم اس احتجاج کے ذریعے وزیر موصوف کو وارننگ دے رہے ہیں۔ اگر وہ ہماری بات نہیں سنیں گے تو پھر آگے جو کچھ ہوگا اس کے لئے ہم ذمہ دار نہیں رہیں گے۔کدورلی قصائی خانہ دہشت گردوں کا اڈہ ہے۔ڈپٹی کمشنر سے کم درجے کے پولیس افسران ایسے اڈوں پر چھاپہ مارنے سے خوف کھاتے ہیں۔اس لئے حکومت کو چاہیے کہ اس مسئلے پر فوری توجہ دے۔‘‘


Share: